|
Wednesday, 18 November 2009 19:26 |
لندن : کلسٹر بموں کے استعمال پر پابندی سے متعلق بل منظوری کے لئے پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اس بات کا اعلان بدھ کو نئے پارلیمانی سیشن کے افتتاح کے موقع پر ملکہ کی تقریر میں کیا گیا۔ یہ پارلیمنٹ کا آخری اجلاس ہے۔ اس بل کے ذریعہ برطانیہ کو اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کا موقع ملے گا اور اس سے کلسٹر بموں کے استعمال پر پابندی سے متعلق معاہدے پر عملدرآمد کی راہ ہموار ہوگی۔ اس خبر کا خیر مقدم کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے کہا کہ اس بل کی منظوری سے برطانیہ ان مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے وسیع پیمانے پر شہریوں کی ہلاکتوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کلسٹر بموں پر پابندی سے متعلق بل پارلیمنٹ میں پیش کرنا بڑی خبر ہے۔ اس سے برطانیہ کو کلسٹر بموں کے استعمال پر پابندی سے متعلق کنونشن کی تصدیق کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
|