|
Thursday, 19 November 2009 03:42 |
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ڈیوڈ مورگن نے آئندہ سال پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے انگلینڈ میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں ڈیوڈ مورگن کا کہنا تھا کہ سیکورٹی وجوہات کے سبب پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹکا انعقاد ممکن نہیں اور یہ پاکستان کے لئے بھی اچھا ہے کہ وہ سیریز کی میزبانی نیوٹرل وینیو پر کرے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی وجہ سے کرکٹ متاثر نہ ہو اس کے لئے آئی سی سی پہلے بھی اپنا کردار بخوبی ادا کرتا رہا ہے اور مستقبل میں بھی کرتا رہے گا۔ ڈیوڈ مورگن کا کہنا تھا کہ آئندہ سال جولائی میں انگلینڈ میں ہونے والی پاک آسٹریلیا ٹیسٹ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز کا آئی سی سی خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام صورتحال میں پاکستان کرکٹ بورڈ، ای سی بی اور آسٹریلوی بورڈ سیریز کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ڈیوڈ مورگن نے کہا کہ انگلینڈ میں پاکستانی اور آسٹریلوی شائقین بڑی تعداد میں موجود ہیں اس لئے امید ہے کہ سیریز دلچسپ ثابت ہوگی۔
|