|
Friday, 20 November 2009 05:06 |
|
اسلام آباد : اسلام آباد کی پولیس نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے دفتر اور پولیس کے ریسکیو ون فائیو آفس پر خودکش حملوں میں ملوث ماسٹر مائینڈ ، دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ وفاقی پولیس کے آئی جی نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ دہشت گردوں کے گرفتار ماسٹر مائینڈ جمشید عرف طاہر نے ورلڈفوڈپروگرام دفتر پر خودکش حملے میں محمد عرف الیاس کو اور ریسکیو ون فائیو عمارت پر حملے میں ہارون نامی خودکش بمباروں کو استعمال کیا ۔ریسکیو ون فائیو پر رواں برس چھ جون کو خودکش حملے میں دو اہل کار جاں بحق ہو گئے تھے۔ آئی جی نے کہا کہ جمشید کا تعلق اورکزئی ایجنسی کے ملارحیم گروپ اور غازی فورس سے ہے اور وہ سوات میں بھی لڑتا رہا۔ نیوزبریفنگ میں گرفتار دہشت گرد جمشید سے ملنے والی خودکش حملے کی ایک جیکٹ بھی میڈیا کے سامنے پیش کی گئی ۔ آئی جی پولیس نے بتایا کہ پولیس ، اسلام آباد میں فوجی عہدے داروں پر گزشتہ دنوں ہونے والے فائرنگ کے واقعات میں ملوث عناصر کے بھی نزدیک پہنچ چکی ہے۔
|