|
Friday, 06 November 2009 23:51 |
|
ابوظہبی : وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سے اختلافات ختم ہوگئے۔ بابر غوری کا کہنا ہے کہ ملاقات اچھی اور کامیاب رہی، بلدیاتی نظام پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں این آر او کی مخالفت کا مطلب پی پی کی مخالفت نہیں۔ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے مذاکرات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ جو بھی اختلافات تھے وہ ختم ہوگئے ہیں اور جو تھوڑے بہت مسائل رہ گئے ہیں انہیں مل جل کر بات چیت سے حل کرلیا جائیگا انہوں نے کہا کہ جمہوریت قائم رکھنا چاہتے ہیں اور اختلاف جمہوریت کی روح ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ لوکل باڈیز کے اختیارات اور انتظامی مسائل پر بات چیت ہوئی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر بابرغوری نے کہا کہ بلدیاتی نظام پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں اور نہ ہی اس موضوع پرکوئی بات ہوئی تاہم معیشت اور توانائی کے بحران پر بات ہوئی ہے ان کا کہنا تھا کہ معاشی صورت حال بہتر نہیں،عوام چینی، لوڈشیڈنگ اور بیروزگاری جیسے مسائل سے دوچار ہیں جسے مل کرحل کرنا ہوگا۔ بابر غوری نے کہا کہ سندھ حکومت سے کوئی شکایت نہیں چھوٹے چھوٹے مسائل مل بیٹھ کر حل کرلیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے باہمی مشاورت بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ بابر غوری نے کہا کہ این آر او کی مخالفت کا مطلب پیپلز پارٹی کی مخالفت نہیں۔
|