|
Tuesday, 03 November 2009 10:42 |
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ساس بہو کے جھگڑے سے تنگ ایک شخص نے اپنے چار بچوں کو ذبح کردیا۔ بچوں کی عمریں دو سے آٹھ برس کے درمیان ہیں۔تفصیلات کے مطابق ملزم اپنی والدہ اور بیوی کو بھی قتل کرنا چاہتا تھا لیکن پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے گاؤں چک تین سو بتیس جی بی (نئی آبادی) کے رہائشی ملزم عرفان کراچی میں ٹرک اور ٹرالر کے ڈرائیور تھے اور اکثر کام کے سلسلے میں گھر سے باہر رہتے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزم جب بھی گھر آتا تو اسے معلوم ہوتا کہ اس کی ماں اور بیوی میں جھگڑا ہواہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کوئی دوہفتے پہلے وہ جب واپس آیا تو ایک بار پھر گھر میں ساس بہو کی لڑائی کی کشیدگی تھی۔ ملزم نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ایک دن پہلے ایک بار پھر دونوں خواتین میں جھگڑا ہوا تو ملزم نے اپنی بیوی ثمینہ پر تشدد کیا جس پر وہ گھر چھوڑ کر اپنے والدین کے گھر چلی گئی۔ پولیس کےمطابق ملزم نے پیر اور منگل کی درمیانی شب اپنے چاروں بچوں کو سبزی کاٹنے والی چھری سے ذبح کردیا۔ہلاک ہونے والوں میں دو بیٹے دوسالہ غفران اور آٹھ سالہ شایان، دو بیٹیاں چارسالہ نور فاطمہ اور چھ برس کی مریم شامل ہیں۔
|