فرینڈزآف پاکستان نےامداد کی یقین دہانی نہیں کرائی ،دفترخارجہ
فرینڈز آف پاکستان نے مالی امداد دینے کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی، امریکی حملوں کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں،بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات اقوام متحدہ سے کرانے کے حوالے سے آئندہ دو ہفتوں تک حتمی بیان جاری کیا جا سکتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (این این آئی)دفتر خارجہ نے کہا ہے
کہ فرینڈز آف پاکستان نے مالی امداد دینے کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔ امریکی
حملوں کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات
اقوام متحدہ سے کرانے کے حوالے سے آئندہ دو ہفتوں تک حتمی بیان جاری کیا جا سکتا
ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ محمد صادق نے کہا
کہ فرینڈز آف پاکستان گروپ مالی امداد کا ادارہ نہیں ہے اور نہ ہی اس کی طرف سے ایسی
کوئی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ فرینڈز آف پاکستان گروپ مختلف منصوبوں میں پاکستان
سے تعاون کرے گا۔ ابو ظہبی اجلاس کے دوران اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ
مستقبل کے ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ آئندہ سال فروری میں اسلام آباد میں وزارتی سطح
کے اجلاس کے حوالے سے بھی ایجنڈا طے کیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر این
ڈبلیو پیٹر سن کو دفتر خارجہ بلا کر بنوں میں حالیہ حملے پر احتجاج کیا گیا۔ ہم یہ
معاملہ بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ کیونکہ سفارت کاری میں مذاکرات سے کام
لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا اس حوالے سے بیان آ چکا ہے۔ جو پالیسی بیان
ہے انہوں نے کہا کہ موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی بارے ایران سے بات چیت ہوئی ہے
اور ایران کی طرف سے مثبت رد عمل دیکھنے میں آیاہے۔ پاکستان اور ایران سہہ فریقی گیس
پائپ لائن کا منصوبہ مکمل کرنے کیلئے پر عزم ہیں اور اگر تیسرا ملک شامل نہ بھی
ہوا تو باہمی طور پر یہ منصوبہ مکمل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغوی ایرانی
سفارت کارکی بازیابی کے حوالے سے پاکستان ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے اور ایرانی
حکام کو بھی اس بارے میں یقین دہانی کرائی گئی ہے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں
بتایا کہ صدر زرداری تو ایران کے دورے کی دعوت ملی ہے تاہم اس بارے میں ابھی حتمی
تاریخ کا فیصلہ نہیں کیاگیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو قتل
کیس کی تحقیقات اقوام متحدہ سے کرانے کے حوالے سے دوہفتوں تک حتمی بیان جاری کیا
جا سکتا ہے۔ ممکن ہے اس میں کچھ مزید وقت لگ جائے ہم اقدام متحدہ سے تحفظات کے حق
میں ہیں کیونکہ قابل اعتماد تحقیقات سے ملک کے اندر اور بیرونی سطح پر سوالات نہیں
اٹھیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سے مذکورہ کیس کی تحقیقات
پر متوقع اخراجات کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کیا جا سکتا۔ ڈاکٹر عافیہ سے متعلق ایک
سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ نے فورینزک ایوالوایشن رپورٹ وکیل کے
حوالے کر دی ہے عدالت کے انتظامی حکم کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عافیہ صدیقی
کی ذہنی بیماری کی وجہ سے مقدمہ کی کارروائی ممکن نہیں۔ سمجھوتہ ایکسپریس کے
مسافروں کو جلائے جانے کے واقعہ میں ایک بھارتی فوجی افسر کی گرفتاری بارے سوال پر
ترجمان نے کہا کہ اس معاملہ میں پاکستان کی دلچسپی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ بھارت
اس بارے معلومات کا ہمارے ساتھ تبادلہ کرے۔