اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Fri, 05 Sep 2008 09:10:00

پاکستان کا مستقبل جمہوریت کی بحالی سے منسلک ہے: زرداری

پاکستان کا مستقبل جمہوریت کی بحالی سے منسلک ہے: زرداری

اردو ٹائمز(نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان چھ ستمبر یاد رکھنے کے قابل دن ہے کیونکہ اس دن پاکستانی عوام نے بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی صفوں میں بے مثال اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمیشہ ملک کے دفاع میں ہماری مسلح افواج کی جانب سے دکھائی جانے والی شجاعت یاد دلاتا رہے گا۔ اس دن ہمارے خیالات ان افراد کی طرف جاتے ہیں جنہوں نے ملکی دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے اس لئے قربانی دی تاکہ ہم امن اور وقار کے ساتھ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملکی علاقائی سالمیت کے دفاع میں دوسرے ملکوں کی نسبت اپنی مسلح افواج کو اپنے کاموں میں پیشہ ورانہ دیکھنا چاہے گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کو ہمیشہ تشویش رہی ہے کہ ملکی سیاسی معاملات میں مسلح افواج کی مداخلت نے انہیں متنازعہ بنا دیا ہے جو مسلح افواج کے تشخص یا ملکی سلامتی کے لئے اچھا نہیں ہے۔ اس حوالے سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ فوجی قیادت نے مسلح افواج کو سیاست سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج صرف اسی صورت میں ہی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر سکتی ہیں جب لوگ دھرتی ماں کی خدمت میں ان کی بہادری ‘ جرات اور جذبے کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک خوشحال ملک کی حیثیت سے پاکستان کا مستقبل مکمل جمہوریت کی بحالی سے جڑا ہوا ہے۔ اس لئے اس دن کی مناسبت سے میں ملک میں جمہوریت اور جمہوری روایات کو قائم کرنے‘ ان کے تحفظ اور فروغ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔







  کھیل

 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: air purifier