اردو ٹائمز(نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں اتحادی افواج کی تازہ کارروائیوں سے قبائلی علاقوں میں بغاوت ہو سکتی ہے اور عسکریت پسندوں کی مقبولیت میں اضافہ ہو گا۔ وائس آف امریکہ کو انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ افغان سرحد سے ملحق علاقوں میں امن کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اتحادی افواج نے پرامن علاقے میں کارروائی کی اور مارے جانے والے تمام افراد بے گناہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی افواج کی تازہ کارروائیوں سے عسکریت پسندوں کی مقبولیت بڑھے گی اور قبائلی علاقوں میں بغاوت بھی ہو سکتی ہے۔ ایسی کوئی بھی صورتحال سیکورٹی فورسز کی مشکلات میں اضافے کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے علاقے میں کسی کو بھی فوجی کارروائی کی اجازت نہیں دے سکتے اور اتحادی افواج اس سلسلے میں صحت مند رویہ اختیار کریں۔