اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Thu, 03 Jul 2008 11:04:00

کم از کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھیں گے:وزیراعظم

کم از کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھیں گے:وزیراعظم

اردو ٹائمز(نیوز) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ہم امن اور سلامتی کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں لیکن کم از کم دفاعی صلاحیت کو بھی برقرار رکھا جائے گا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان نیول اکیڈمی کی 89ویں مڈ شپ مین کمیشنگ پریڈ سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور وہ امن پر یقین رکھتا ہے ہتھیاروں کی دوڑ میں شریک نہیں ہونا چاہتے لیکن دفاعی ضروریات سے بھی غافل نہیں رہ سکتے انہوں نے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ہم امن اور سلامتی کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں انتہا پسندی اور دہشتگردی سے ہمیں نجات حاصل کرنا ہے ہم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں عالمی برادری کے شانہ بشانہ ہیں وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی طویل ساحلی پٹی سے اقتصادی طور پر فائدہ اٹھانے کیلئے میری ٹائم سیکٹر کو ترقی دینگے پاک بحریہ کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے اور پاک بحریہ کی ضرورتوں کو پورا کیا جائے گا وزیراعظم نے سمندری حدود کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کو جدید اسلحہ سے لیس کیا جائے گا ہتھیاروں کی خود کفالت جہاز اور آبدوز سازی کے سلسلے کی کڑی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم اتحادی کا کردار ادا کررہا ہے کیونکہ ہم خود بھی دہشتگردی کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں سلامتی کا خواہاں ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم کثیر القومی بحری اتحاد میں شامل ہیں تاکہ سمندری حدود میں دہشتگردی ، ہتھیاروں اور انسانی سمگلنگ کو روکا جاسکے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو منفرد محل وقوع حاصل ہے اور یہ دنیا کے اہم خطوط کے سنگم پر واقع ہے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے انہوں نے کیڈٹس سے کہا کہ وہ ملک کی وقار اور دفاع کیلئے سخت محنت اور لگن سے کام کریں۔ دریں اثناءوزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اپنی حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر قوم سے خطاب کریں گے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے گزشتہ شب یہاں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے وزیراعلیٰ ہاﺅس میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ عشائیے میں سندھ اسمبلی، قومی اسمبلی اور سینٹ کے اراکین کے علاوہ صوبائی اور وفاقی وزراءاور مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ کا اعلان جلد کیاجائے گا۔ این ایف سی ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے جو ان کی حکومت کے ایجنڈے میں اولین ترجیح کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت عوام کی توقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختصرترین ممکنہ وقت میں این ایف سی ایوارڈ کو حتمی شکل دینے کےلئے اپنی بہترین کوششیں کرے گی۔ معزول ججوں کی بحالی کےلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہی ججوں کو رہا کیا، ان کی تنخواہیں ادا کیں اور فنانس بل کے ذریعے ججوں کی تعداد میں اضافہ کیا اب ہم انہیں بحال بھی کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جلد ہی سفید اور سبز انقلاب پر کام شروع کردے گی۔ حکومت نے ملک کے زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کےلئے خصوصی اقدامات کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے شرکاءکو بتایا کہ آئندہ چند روز میں نئی پاور پالیسی کا اعلان کیاجائے گا جس میں خاص طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری کی ترغیب کےلئے کئی مراعات کی پیش کش کی جائے گی۔ اس پالیسی کا مقصد ملک میں جلد سے جلد بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان فرق کو دور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بہترین پالیسی کے ذریعے اس مسئلے کو ہمیشہ کےلئے حل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کےلئے زیادہ سے زیادہ خودمختاری کو یقینی بنانے کی حکومتی پالیسی کے تحت تھرکول کی کانکنی اور اس کے استعمال کا اختیار سندھ حکومت کو دیدیا گیا ہے۔ یہ طویل عرصہ سے صوبے اور وفاق کے درمیان تنازعہ تھا جسے ہم نے حل کردیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت 1973ءکے آئین کے تحت کنکرنٹ لسٹ ختم کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ہر یونین کونسل میں ایک ایک یوٹیلیٹی سٹور اور ایک بنیادی مرکز صحت قائم کیا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مراکز صحت میں ڈاکٹرز ، طبی عملہ اور ادویات دستیاب ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ خود ان کی اپنی یونین کونسل میں کوئی بنیادی مرکزصحت نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے دوسرے مرحلے کے تحت مزید وزراءشامل کئے جائیں گے جبکہ جلد ہی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور پارلیمانی سیکرٹریوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تنہاپرواز نہیں کرنا چاہتے بلکہ ملک اور قوم کے بہترین مفاد میں دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔








© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications
sponsors: air purifier