بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا اعجاز بٹ سے ٹیلیفونک رابطہ
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ سے ٹیلیفونک رابطہ
بھارتی ٹیم کا دورہ شیڈول کے مطابق کرنے کی یقین دہانی ،حکومت سے بات چیت جاری ہے،دس بارہ روز میں فیصلہ متوقع ہے،ششنگ منوہر
لاہور(این این آئی)بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ
ششنگ منوہر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کو بھارتی ٹیم کا دورہ شیڈول
کے مطابق کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ تاہم حتمی فیصلہ آئندہ دس بارہ روز میں متوقع
ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے منگل کی شب بی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ کو ٹیلیفون
کر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنے خدشات سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارتی ٹیم
پاکستان کا دورہ طے شدہ شیڈول کے عین مطابق کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں
ان کی حکومت سے بات چیت بھی جاری ہے اور آئندہ دس دن میں فیصلہ کر لیا جائے گا۔ کسی
بھی قسم کے اعتراضات سامنے آنے پر پی سی بی کو آگاہ کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے
کہا کہ حکومت کی جانب سے انہیں مثبت اشارے ملے ہیں جس سے وہ پر امید ہیں اور ضرور
پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ٹیلیفونک بات چیت کرتے ہوئے فشنگ منوہر نے کہا کہ
پاکستان اور بھارت نے ہمیشہ مثبت کرکٹ کھیلی ہے اور دونوں ممالک کھیلوں کے فروغ کیلئے
کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی تمام سپورٹس ٹیموں کو ایک دوسرے
کے ممالک کے دورے کرنے چاہئیں۔ تاکہ دونوں ہمسایہ ملک دنیا ئے کھیل میں اپنا نام پیدا
کر سکیں اور کھیلوں کے مقابلوں میں دونوں ممالک آگے آگے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ
بھارتی ٹیم دورہ پاکستان کے لیے پر عزم ہے اور تمام کھلاڑی پاکستان میں آ کر کھیلنا
چاہتے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے کہا کہ ہماری ٹیم پاکستان میں کھیل کر
لطف اندوز ہوتی ہے اور خاص طور پر بھارتی ٹیم کے گزشتہ دورہ پاکستان میں تمام
کھلاڑی محظوظ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی حالات دونوں ممالک کے لیے باعث فکر ہیں
اور ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ ہم ا یک دوسرے کے ملک میں کھیلں تاکہ یورپی ممالک کی
ٹیمیں یہاں بلا خوف و خطر آئیں۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ اعجاز بٹ
نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ کرنے کی یقین دہانی کے بعد امید ظاہر کی ہے
کہ بھارتی حکومت اپنی ٹیم کو پاکستان میں کھیلنے کی اجازت دے دے گی۔ اعجاز بٹ نے
ششنگ منوہر کو ٹیم پاکستان بھیجنے پر مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی
اور کہا کہ وہ بلا خوف و خطر پاکستان کا دورہ کریں۔ ٹیم کی حفاظت ہمارے ذمہ ہے اور
ان کی سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے تاکہ دونوں ممالک میں اور ان کے
عوام کے درمیان ساز گار ماحول قائم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے دورہ پاکستان
سے دونوں ممالک کے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے ملے گی اور قربتیں بڑھیں گی۔ واضح
رہے کہ بھارتی ٹیم نے جنوری 2009 ءمیں پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔ لیکن سیکیورٹی
حالات کے پیش نظر بھارتی بورڈ نے پاکستان کو یہ میچز نیوٹرل مقام پر کھیلنے کا کہا
تھا اور ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں ہو پایا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نیوٹرل مقام
پر کھیلی گی یا نہیں۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی نیوٹرل مقام
پر ابوظہبی میں ون ڈے سیریز (فارچون کپ) کھیل کر وطن واپس پہنچی ہے کیونکہ ویسٹ
انڈیز نے بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔
تاہم گزشتہ روز بھارتی بورڈ کی جانب سے دورہ کی یقین دہانی پر ایک مرتبہ پھر امید
قائم ہوئی ہے کہ بھارتی ٹیم ضرور پاکستان کا دورہ کرے گی۔ جس سے دیگر ٹیموں پر
مثبت اثر پڑے گا اور آئندہ کیلئے وہ بھی سیکیورٹی خدشات بھلا کر پاکستان میں کھیلنے
آئیں گی۔