آئین میں ترمیم کرنےوالی کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا، پی سی بی
پی سی بی کے آئین میں ترامیم کےلئے تجاویز تیار کرنے والی کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا
لاہور(این این آئی )پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں
ترامیم کے لئے تجاویز تیار کرنے والی وزارت کھیل کی مقرر کردہ 15رکنی آئینی کمیٹی
کا اجلاس وفاقی وزیر کھیل آفتاب جیلانی کی سربراہی میں 20نومبر کو اسلام آباد میں
ہو گا‘ پہلے یہ اجلاس 8نومبر کو منعقد ہوناتھالیکن پی سی بی کی درخواست پر اس کو
20نومبر تک ملتوی کر دیا گیا تھا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پی سی بی کے تمام
عہدوں پر نامزدگیاں کرنے کی بجائے انتخاب کے ذریعے کئے جانے کی تجاویز پیش کی جانی
تھی لیکن پی سی بی کے حکام جوکہ پی سی بی میں اپنی مرضی کی تقرریاں کرنا چاہتے تھے
نے اجلاس کو ملتوی کروادیا اور اور بغیر اخبار میں اشتہار دیئے ۔چیف آپریٹنگ آفیسر
کے عہدہ پر سلیم الطاف ،ڈائریکٹر اکیڈمی کے عہدہ پر عامر سہیل ،ڈائریکٹر ایچ آر کے
عہدہ پر وسیم باری اور جی ایم میڈیا کے عہدہ پر آصف سہیل کو تعینات کر دیا جس پر سینٹ
کی سپورٹس کمیٹی نے میرٹ سے ہٹ کر کی گئی ان تقرریوں کو سینٹ کے اجلاس میں اٹھانے
کا فیصلہ کیا تھا جبکہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے وزارت کھیل پی سی بی کے اپریشنل
معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی اور وہ آئین کی نئی ترامیم میں بھی نہیں چاہتی
کہ پی سی بی پر وزارت کھیل کا کنٹرول ہو ۔وزارت کھیل کی خواہش ہے کہ پاکستان کرکٹ
کی ترقی کے لئے پی سی بی کا آئین جمہوری طرز کا ہو اور اس میں ڈکٹیٹرانہ شقوں کو
ختم کر دیا جائے ۔