لاہور(اردوٹائمزسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہاکہ ہماری کمزور بولنگ اٹیک کی وجہ سے پاکستان اوربھارت کے درمیان میچز میں ماضی میں پایا جانے والا گرمجوشی کا عنصر ختم ہوتا جا رہا ہے اور اس کی بنیادی وجہ پاکستان کا بے جان بولنگ اٹیک ہے۔ سابق اسٹائلش وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا ہے کہ پاک بھارت ممالک کے درمیان گذشتہ ہونے والے چند سیریز میں جذبے کا فقدان تھا اس کی وجہ پاکستان کا معمولی بولنگ اٹیک ہے ، پاکستان کے پاس ایسے فاسٹ بولر موجود نہیں جو حریف سائیڈ کے بخیے اڈھیر دے یا وہ اپنی عمدہ اور خطرناک بولنگ سے سچن ٹنڈولکر جیسے ٹاپ پلےئرز کو دھیان اور پوری توجہ سے کھیلنے اور بیٹنگ کو انجوائے کرنے پر مجبور کرے ۔37 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے راشد لطیف کا مزید کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے پاس معیاری بولنگ اٹیک ہے جس کو دیکھتے ہوئے میں کہہ سکتا ہوں کہ بھارتی بیٹسمین ان کا سامنا کرتے ہوئے بہت لطف اندوز ہوتے ہوں گے ، سب ہی جانتے ہیں کہ انہوں نے عالمی چیمپئنز کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کو بے حد سراہا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ ٹنڈولکر نے کہا تھا کہ آسٹریلیا اور بھارت کے مقابلے بہت دلچسپ ثابت ہوئے ہیں ، دونوں ٹیموں نے 8 برسوں میں کھیلی جانے والی سیریز میں ایک دوسرے کا بہترین مقابلہ کیا ہے ۔