اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Fri, 19 Sep 2008 22:40:00

کراچی میں ہاکی اولمپینئز کا سمینار ،گو جمالی گو کے نعرے

کراچی میں سابق ہاکی اولمپینئز کا سمینار ،جمالی سے ہاکی فیڈریشن کی صدارات چھوڑنے کا مطالبہ

لاہور(اردوٹائمز سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے سابق انٹر نیشنل اور اولمپئن کھلاڑیوں نے " گو جمالی گو " کے نعروں میں مشترکہ طور پر مطالبہ کیاہے کہ بیجنگ اولمپکس میں ناقص کاکردگی کی ذمہ داری قبول کر تے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر ظفر الله جمالی فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جا ئیں اورہاکی کے سربراہ وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہاکی کو بچانے کی خاطرفوری طور پر ان کی جگہ سابق اولمپئن قاسم ضیاء کو پی ایچ ایف کا صدر مقرر کیا کریں، سیمینار میں انٹر نیشنل شفیق احمد نے پلیئرز ایسو سی ایشن بنانے کا بھی اعلان کیا جس کے عہدیداران جلد منتخب کر لیے جائیں گے ۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار میں ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکر یٹری اولمپئن اختر الاسلام ، سلیکشن کمیٹی کے سابق رکن اولمپئن حسن سردار ، اولمپئن منصور خان ، اولمپئن رشید الحسن ، محمد انیس ، سلیم شیر وانی ، عارف بھوپالی ، انٹر نیشنل شفیق احمد ، پرویز اقبال ، ضیاؤالدین ، آصف احمد ، ثناء الله، محمد عرفان ، محمد علی ،ناصر علی ودیگر بھی موجود تھے ۔ اولمپئن اختر السلام نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہاکی ٹیم کو شکست ہوئی ہے لیکن پاکستان ہاکی ابھی زندہ ہے صرف اسے درست خطوط پر چلانے کی ضرورت ہے اولمپکس کے بعدظفر الله جمالی کو سب سے پہلے استعفیٰ دیکر دوسروں کیلئے مثال قائم کر نی چاہیے تھی لیکن وہ دوسروں کو مستعفی ہو نے کی ہدایات جا ری کرتے رہے ، اولمپئن حسن سردار نے کہا کہ فیڈریشن میں جمالی کی آمد کے بعد میں نے ہی سب سے پہلے استعفےٰ دیا کیونکہ میں جانتا تھا کہ اس شخص کو اسکول ہاکی چلانے کا تجربہ ہے یہ پاکستان ہاکی کو نہیں چلاپائے گا لہذٰا میں کنارہ کش ہو گیا ۔ یہ شخص نہ کسی کی سنتا ہے اور نہ ہی کسی سے مشورہ لیتا ہے اسے ایک ڈکٹیٹر کہنا زیادہ بہتر ہوگا ۔ سابق اولمپئن رشید الحسن نے کہا کہ آج ہم جو کچھ ہیں ہاکی کی وجہ سے ہی ہیں اور جب بھی کسی موقع پر ہماری خدمات کی ضرورت ہو تو ہم حاضر ہیں ۔بلوچستان ہاکی ایسو سی ایشن کے عہدیدار اور میزبان انٹر نیشنل شفیق احمد نے کہا آج اولمپک اور ایشیا ہاکی فیڈریشن کے علاوہ انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن میں بھی ہماری کوئی نمائندگی نہیں اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کا حال یہ ہے کہ پانچ رکنی سلیکشن کمیٹی بنانے کیلئے انہیں پورے ملک میں نام نہیں مل رہے ، سیک ریٹری اور صدر کا آپس میں کوئی ریلیشن نہیں ہے اور پاکستان ہاکی کو آج ایک ایسے سربراہ کی ضرورت ہے جو کہ حکومت میں بھی اثرورسوخ رکھتا ہو تاکہ قومی کھیل کی بہتری کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا جا سکیاور ایسی شخصیت صرف اور صرف اولمپئن قاسم ضیاء ہے اسے فوری طور پر پی ایچ ایف کو صدر بنایاجائے اور ظفر الله جمالی کو برطرف کردیا جائے۔ پی ایچ ایف کی ایڈوائزری بورڈ کے سابق ممبر منصور خان نے کہا آج پاکستان ہاکی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے اور مجھے تو اس وقت سے ڈر لگ رہا ہے کہ کہیں ہم آگے چل کر یہ کہنے میں مسرت محسوس نہ کر رہے ہوں کہ ماضی میں تو ہماری پوزیشن آٹھویں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کے مفاد کیلئے مل کر کام کر نا ہوگا اور پی ایچ ایف کو پروفیشنل انداز میں چلانے کی ضرورت ہے تاکہ ہاکی درست خطوط پر ڈالی جا سکے ۔ سیمینار سے اولمپئن ناصر علی ، اولمپئن وسیم فیروز ، اولمپئن سلیم شیر وانی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔









 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: custom lanyards | rubber bracelets | custom wristbands | air purifier