لاہور(اردوٹائمزسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آر بی ایس ٹونٹی ٹونٹی کپ کیلئے ٹیموں کا اعلان کردیا ہے ،قومی ٹیم کے سٹار بیٹسمین محمد یوسف کو لاہور لائنز کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔جبکہ شعیب اختر کو اسلام آباد کی ٹیم میں شامل کرلیا ہے، پی سی بی کے مطابق 4 اکتوبر سے لاہور میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں یونس خان شرکت نہیں کریں گے کیونکہ وہ ساؤتھ آسٹریلیا کی طرف سے شیفلڈ شیلڈ میں حصہ لینے جارہے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلوی سیزن کھیلنے کے لئے بورڈ سے پیشگی اجازت لی ہوئی ہے۔ فیصل آباد کی قیادت مصباح الحق کریں گے۔ ان کے اہم کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، سعید اجمل، سمیع اللہ نیازی شامل ہیں۔ ملتان ریجن کی کپتانی فاسٹ بولر عبدالرؤف کریں گے۔ ٹیسٹ کرکٹر نوید قریشی راولپنڈی کی قیادت کریں گے۔ یاسر عرفات نائب کپتان ہوں گے جب کہ پنڈی کو سہیل تنویر کی خدمات بھی حاصل ہیں۔ شعیب خان کو کوئٹہ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اشعر زیدی کو اسلام آباد کی قیادت سونپی گئی ہے۔ فاسٹ بولر شعیب اختر اور راؤ افتخار انجم کا نام بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ شعیب اختر کی شمولیت 70 لاکھ روپے جرمانے کی ادائیگی سے مشروط ہے۔ بازید خان بھی اسلام آباد کے لئے کھیلیں گے۔ علی رضا کو لاہور ایگلز کا کپتان بنایا گیا ہے۔ محمد یوسف لاہور لائنز کی قیادت کریں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سلمان بٹ، کامران اکمل، ناصر جمشید، احمد شہزاد، وہاب ریاض، عمران علی، جنید ضیاء اور عمر اکمل شامل ہیں۔ عدنان رئیس ایبٹ آباد کی کپتانی کریں گے۔ فیصل اطہر کو حیدرآباد کا کپتان بنایا گیا ہے۔ عمر گل کو پشاور کا کپتان مقررکیا گیا ہے۔ یاسر حمید نائب کپتان ہوں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک کو سیالکوٹ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ منصور امجد نائب کپتان ہوں گے۔ شاہد خان آفریدی کراچی ڈولفنز کی کپتانی کریں گے۔ دیگر اہم کھلاڑیوں میں خالد لطیف، خرم منظور، سرفراز احمد، طاہر خان، سہیل خان، انور علی شامل ہیں۔ فیصل اقبال کراچی زیبراز کی قیادت کریں گے۔ پی سی بی نے ملک کے تمام کھلاڑیوں کے لئے ٹوئنٹی20 کرکٹ میں شرکت لازمی قرار دی ہے۔ ہر ٹیم میں15 کھلاڑی اور پانچ ریزرو کھلاڑی ہیں