فواد کی سنچری:پاکستان اکیڈمی کی چارروزہ میچ میں کامیابی
فواد عالم کی سنچری کی بدولت پاکستان اکیڈمی کی چارروزہ میچ میں کامیابی
لاہور(اردوٹائمز سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم سے ڈراپ کیے جانے والے آل رائونڈرفواد عالم کی پراعتماد سنچری کی بدولت پاکستان اکیڈمی نے کینیا کے خلاف چار روزہ میچ 4وکٹ سے جیت لیا۔ کپتان خرم منظور پاکستان کی جیت کے ہیرو تھے۔ پہلی اننگز میں 123رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز میں اوپنر نے 98میچ وننگ رنز بنائے۔ پاکستان نے جیت کے لئے درکار 364رنز 6وکٹوں کے نقصان پر پورے کرلئے۔ جیم گراؤنڈ نیروبی میں کینیا نے پہلی اننگز میں 372رنز بنائے۔ پاکستان اکیڈمی نے 277رنز بنائے دوسری اننگز میں میزبان ٹیم نے 268رنز بنائے۔ پاکستان نے ہدف 111.4 اوورز میں پورا کرلیا۔ خرم منظور نے 16چوکوں کی مدد سے 98رنز کی اننگز 217 گیندوں پر کھیلی۔ فواد عالم نے ناقابل شکست 108رنز 16 چوکوں کی مدد سے بنائے اور 165 گیندوں کا سامنا کیا۔ فواد عالم زمبابوے کے خلاف آخری ون ڈے میں سنچری اسکور کرچکے ہیں۔ انہوں نے لگاتار دوسرے میچ میں سنچری بنائی۔ راحیل مجید نے 4چوکوں کی مدد سے 42 اور انور علی نے 37 رنز اسکور کئے۔ کراچی کے فاسٹ بولر انورعلی نے پہلی اننگز 97 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ دوسری اننگز میں 50 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔ انہوں نے میچ میں دس کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا