پیرااولمپکس رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے،چین79 گولڈمیڈلز کے ساتھ سرفہرست رہا
لاہور(اردوٹائمز سپورٹس ڈیسک) بیجنگ میں پیرالمپکس گیمزکا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام ہو گیا۔ بیجنگ اولمپکس کی طرح پیرالمپکس میں بھی چین نواسی گولڈ میڈلز کے ساتھ میڈلز ٹیبل پرسرفہرست رہا، برطانیہ نے دوسری اور امریکہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، بارہ روزہ پیرا اولمپکس کی شاندار اور پر وقار اختتامی تقریب برڈز نیسٹ نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جہاں ہزاروں شائقین کی موجودگی میں پیرالمپکس کی مشعل بجھادی گئی۔چین نے نواسی گولڈ میڈلز سمیت مجموعی طور پر دو سو گیارہ میڈل حاصل کئے۔ برطانیہ بیالیس گولڈمیڈل سمیت ایک سو دو میڈلز حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہا۔ تمغوں کی دوڑمیں تیسرے نمبر پر رہنے والے امریکا نے سونے کےچھتیس میڈلز سمیت مجموعی طور پر ننانوے میڈل حاصل کئے۔کینیڈا کے وہیل چیئرایتھلیٹ چنٹل پیٹٹ کلیرک، جنوبی افریقہ کی تیراک نتالی ڈو ٹوئٹ اور آسٹریلیا کے سوئمر میتھیو کوورڈے نے پانچ، پانچ گولڈ میڈلز حاصل کرکے پیرالمپکس گیمز کو یاد گار بنادیا۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے چیف فلپ کراوین نے پیرالمپکس گیمز کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے ایونٹ کو اب تک کے سب سے شاندار پیرالمپکس مقابلے قرار دیا۔کراوین نےکہا کہ چین نے یکساں شان و شوکت سے دو ایونٹ منعقد کرانے کا اپنا وعدہ انتہائی خوبی سے پوراکر دکھایا۔ بیجنگ میں پیرالمپکس کے اختتام پر چینی صدر ہوجن تاؤ نے کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلوںکے کامیاب انعقاد پر منتظمین کومبارکباد دیتے ہوئےکہا کہ ان مقابلوں سے چین سمیت دنیا بھر میں معذور افراد کو زندگی میں کچھ کر دکھانے کی جستجو پیدا ہوگی۔ پیرالمپکس مقابلوں میں دنیا کے ایک سو پچاس ممالک کے چار ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔