پی سی بی کے نئے چیئرمین کیلئے میاں مصباح الرحمن مضبوط امیدوار
پی سی بی کے نئے چیئرمین کیلئے میاں مصباح الرحمن مضبوط امیدوار
اسلام آباد (اردو ٹائمز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے
چیئرمین کا اعلان 48 گھنٹے میں متوقع ہے۔ ایوان صدر نے پی سی بی ہیڈ کوارٹر کو
اطلاع دے دی ہے کہ ڈاکٹر نسیم اشرف کی جگہ نئے چیئرمین کے تقرر کا اصولی فیصلہ کر
لیا گیا ہے اور اگلے 48 گھنٹے میں اس کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ پی سی بی
کو بعض پالیس معاملات کےلیے چیئرمین کی منظوری درکار تھی۔ پی سی بی کے حکام نے جب
اس حوالے سےایوان صدر سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہا آج صدر آصف علی
زرداری سمری پر دستخط کردیں گے جس کے بعد چیئرمین کا اعلان کر دیا جائے گا۔ واضح
رہے کہ 18 اگست کو ڈاکٹر نسیم اشرف اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے تھے۔ پی سی بی چیئرمین
کی دوڑ میں محمد عارف عباسی' سابق چیئرمین جنرل توقیر ضیاء ، اعجاز بٹ' سپیکر قومی
اسمبلی فہمیدہ مرزا کے شوہر اور صوبائی وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا شامل ہیں
جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنما میاں مصباح الرحمن چیئرمین پی سی بی کے مضبوط امیدوار
ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو پی سی بی کا چیئرمین
مقرر کرنا چاہتی ہے اور میاں مصباح الرحمن کو ان کی جگہ گورنر پنجاب کے عہدے پر
تعینات کرنا چاہتی ہے لیکن یہ ڈیل مکمل نہ ہونے کی بنا پر میاں مصباح الرحمن پی سی
بی کے سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔