قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ پاک بھارت ٹیموں کے باہمی دوروں سے امن اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں مدد ملے گی
لاہور(این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب
ملک نے کہا ہے کہ پاک بھارت ٹیموں کے باہمی دوروں سے امن اور بھائی چارے کو فروغ دینے
میں مدد ملے گی۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شعیب ملک
نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں
آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت دوسری ٹیموں کو پاکستان آنا چاہیے، اس سے غلط
فہمیاں دور کرنے میں مدد ملے گی۔شعیب ملک نے انگلینڈ ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ سیریز کے
لئے بھارت آنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر میں کرکٹ کی
سرگرمیاں بحال ہونے سے دہشت گردی کا خوف ختم ہوگا۔ شعیب ملک نے بھارتی ٹیم کے دورہ
پاکستان کی منسوخی پر آئی سی ایل اور آئی پی ایل کے بائیکاٹ کی تجویز سے اتفاق نہیں
کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پیشہ ور کرکٹر ہیں اور اگر چیمپئینز لیگ کے نئے شیڈول کا
اعلان ہوا تو سیالکوٹ اسٹالینز لیگ کھیلنے جائے گی۔