بھارت انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم ہوسکتا ہے، للیت مودی
بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر للیت مودی نے کہا ہے کہ اگر دہشت گردی کے واقعات جاری رہے تو پاکستان کی طرح بھارت بھی انٹرنیشنل میچز کے انعقاد سے محروم ہوسکتا ہے۔
نئی دہلی(این این آئی) بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب
صدر للیت مودی نے کہا ہے کہ اگر دہشت گردی کے واقعات جاری رہے تو پاکستان کی طرح
بھارت بھی انٹرنیشنل میچز کے انعقاد سے محروم ہوسکتا ہے۔میڈیا سے بات چیت کے دوران
للیت مودی کا کہنا ہے کہ ممبئی میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی سے کرکٹ بری
طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال بھارت میں انڈین پریمیئر لیگ کے
دوران جے پور میں ہونے والا بم دھماکا، آسٹریلوی ٹیم کے دورے کے دوران گوہاٹی میں
ہونے والے بم دھماکے اور اب انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ممبئی کے واقعات بھارت
میں کرکٹ کو متاثر کرسکتے ہیں۔بی سی سی آئی کے نائب صدر نے کہا کہ بھارت کو یقین
ہونا چاہئے کہ جو سیکورٹی انتظامات وہ کررہے ہیں ا س میں کسی قسم کی کمی باقی نہ
رہ جائے ۔ دوسری صورت میں پاکستان کی طرح ان کا ملک بھی انٹرنیشنل میچز کے انعقاد
سے محروم ہوسکتا ہے۔ للیت مودی نے کہا کہ ان کے لئے کھلاڑیوں کی سیکورٹی پہلی ترجیح
ہے۔