سہیل تنویر اور کامران اکمل بھارت سے وطن واپس پہنچ گئے
قومی کرکٹرز سہیل تنویر اور کامران اکمل بھارت سے وطن واپس پہنچ گئے
کراچی(این این آئی)چیمپئنز لیگ میں شرکت کے لئے
بھارت جانے والے قومی کرکٹر ز سہیل تنویر اور کامران اکمل وطن واپس پہنچ گئے۔ آل
راونڈر باولر سہیل تنویر اور وکٹ کیپر بیٹسمین
کامران اکمل ہفتے کی علی الصبح ممبئی سے براستہ بحرین کراچی پہنچے۔ دونوں کرکٹرز
نے انڈین پریمئر لیگ کی فاتح ٹیم راجھستان رائلز کی جانب سے چھ ملین ڈالر انعامی
مالیت کی پہلی ٹوئنٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لیگ میں حصہ لینا تھا۔ جو ممبئی میں دہشت گردی
کی کارروائیوں کے سبب منسوخ کی گئی ہے۔جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو
کرتے ہوئے سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی جہاں کہیں بھی ہوقابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے کھیل کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ
پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو
شکست دینا ہوگی۔ کامران اکمل نے کہا کہ وہ کرکٹ کھیلنے بھارت گئے تھے اور دہشت گردی
کے واقعے کے بعد چیمپئنز لیگ ملتوی ہونے سے ان کو افسوس ہوا۔ انہوں نے دہشت گردی
کا شکار ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔