ان ماﺅں کا تعلق ترقی یافتہ شہر کے پسماندہ علاقے کورنگی سے ہے‘ بچے 5 سے 12 سال کے ہیں
ان بچوں کو ایدھی ہوم میں بہترین تعلیم و تربیت کا انتظام کیا جائیگا: عبدالستار ایدھی
کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی جیسے ترقی یافتہ شہر
کے علاقے کورنگی میں غربت، مہنگائی اور بھوک سے تنگ آکر 3ماﺅں نے اپنے 8 بچے پرورش
کیلئے ایدھی ہوم کے سپرد کردئیے۔ بچے بری طرح رو رہے تھے۔ ایدھی فاﺅنڈین کے ترجمان
نے بتایا کہ ان بچوں کی عمریں 5سے 12سال کے درمیان ہیں، فاﺅنڈیشن کے سربراہ مولانا
عبدالستار ایدھی کا کہنا ہے کہ ایدھی ہوم میں ان بچوں کی بہترین تعلیم وتربیت کا
انتظام کیا جائے گا۔ ایدھی ٹرسٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زردہ بی بی نے اپنی 5
سالہ بچی دودا کو جبکہ گل تاج نے اپنے تین بچوں 8 سالہ عمر خان اور 6 سالہ نمرہ 4
سالہ عثمان کو ایدھی سنٹر میٹھا در میں داخل کیا جبکہ تیسری خاتون اپنے چار بچوں
12 سالہ فائزہ، 7 سالہ حمید 10 سالہ عدنان اور 9 سالہ ثناءکو ایدھی سنٹر میٹھا در
میں چھوڑ گئی۔ عبدالستار ایدھی نے کہا کہ بچوں کو لانے والی تینوں خواتین نے بچے دیتے
ہوئے کہا کہ جب ان کے حالات اچھے ہوں گے تو وہ بچوں کو واپس لے جائیں گی۔