جسٹس افتخار کو آمر کے آگء نہ جھکنے کی سزا دی گئی ،اعتزاز
جس چیف جسٹس کو وطن میں رسوا کیا گیا، دنیا ان کا والہانہ استقبال کررہی ہے: اعتزاز
نیویارک (نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ بار کے سابق
صدر چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ وکلاءتحریک کی راہ میں کسی شخصیت یا جماعت کو
حائل نہیں ہونے دینگے۔ جسٹس افتخار کو آمر کے سامنے نہ جھکنے کی سزا دی گئی۔ جس چیف
جسٹس کو وطن میں رسوا کیا گیا، دنیا ان کا والہانہ استقبال کررہی ہے جو پاکستانی
حکومت کیلئے شرمندگی کا مقام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بروکلین نیویارک میں
جسٹس افتخار کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب اور جان ایف کینڈی ائرپورٹ پر نجی
ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ جسٹس افتخار کا معاملہ کوئی سیاسی نہیں بلکہ پاکستان،
آئین اور قانون کا معاملہ ہے۔ پاکستان کو بچانے کیلئے جسٹس افتخار کو بحال کرنا
ہوگا۔ اس موقع پر ایک شخص کے سوال پر کہ آپ پیپلز پارٹی کے کارکن ہیں، استعفیٰ کیوں
نہیں دیتے؟ اعتزاز نے کہا کہ میں کسی صورت استعفیٰ نہیں دونگا۔