اردو ٹائمز(نیوز) لانگ آئی لینڈ نیویارک کے مقامی ہوٹل میں متحدہ قومی موومنٹ نیویارک کے زیر اہتمام قائد تحریک الطاف حسین کی 55ویں سالگرہ کی تقریب ہوئی۔ جس میں ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور عمائدین شہر کے علاوہ نیویارک نیوجرسی، کنکٹیکٹ، فلاڈلفیا اور واشنگٹن کے حق پرست حلقوں اور بڑی تعداد میں متحدہ کے ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب کی خصوصیت، اس تقریب میں پاکستان سے آئی ہوئی نومنتخب رکن قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت کی خصوصی شرکت تھی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 ستمبر قائد تحریک کی سالگرہ کے دن سے زیادہ ہمارے لئے یوم تجدید عہد اور یوم تجدید دعا ہے۔ خوش بخت شجاعت نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نہ صرف سندھ کی بلکہ پورے ملک کے 98 فیصد پسماندہ عوام کی واحد سیاسی آواز ہے۔ کراچی کی طالبانائزیشن نہ صرف کراچی کے شہریوں کی جان و مال کے خلاف بلکہ پورے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف منظم سازش ہے۔ تقریب سے متحدہ قومی موومنٹ یو ایس اے اور نیویارک کے ذمہ داران کے علاوہ معروف سفر نامہ نگار قمر علی عباسی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں متحدہ قومی موومنٹ یو ایس اے کے انویسٹی گیشن سیل کی جانب سے طالبان اور کراچی کی طالبانائزیشن پر ضخیم DOSSIER بھی تقسیم کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر سالگرہ کے کیک کاٹنے کی رسم ہوئی جسے خوش بخت شجاعت اور متحدہ قومی موومنٹ یو ایس اے کے خواتین ونگ کے اراکین نے انجام دیا۔