اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Tue, 02 Dec 2008 02:49:00

عراق پر حملہ غلط انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا ، بش

عراق پر حملہ غلط انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا ، بش کا اعتراف سب سے بڑا پچھتاوا عراق میں ہمارے جاسوسی اداروں کی ناکامی ہے ، کاش رپورٹیں مختلف ہوتیں ، انٹرویو

نیویارک(این این آئی) امریکی صدر جارج بش نے اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے عراق پر حملہ غلط انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا جس پر انھیں افسوس ہے۔ امریکی ٹی وی چینل کو اپنے انٹرویو میں امریکی صدر نے کہا کہ غالباً وہ سانحہ نائن الیون کے بعد جنگ کےلئے تیار نہیں تھے، اور وہ عراق پر حملے کےلئے اپنے فیصلے کی تائید حاصل نہیں کرسکے۔ صدر بش نے کہا کہ عراق میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی کی اطلاعات پر کئی نامور شخصیات نے صدام حسین کو ہٹانے کے لئے کہا، لیکن عراق سے کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیار نہیں مل سکے۔ صدر بش کا کہنا تھا کہ غلط انٹیلی جنس معلومات ان کی انتظامیہ کی ناکامی تو ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ارکان کانگریس اور دیگر ممالک کو بھی اس ناکامی میں لازمی طور پر اپنی ذمے داری قبول کرنی چاہئے۔ بطور امریکی صدر انہیں اس بات کا سب سے زیادہ پچھتاوا ہے کہ عراقی صدر صدام حسین کے وسیع تباہی کے ہتھیاروں کے بارے میں ان کے جاسوسی ادارے ناکام رہے۔ کاش ان کے جاسوسی اداروں کی اطلاعات مختلف ہوتیں۔تاہم صدر بش نے اس سوال کا جواب دینے سے انکار کر دیا کہ اگر انہیں معلوم ہو جاتا کہ عراق کے پاس کیمیائی اور جراثیمی ہتھیاروں کا ذخیرہ نہیں ہے تو کیا پھر بھی 2003 میں وہ عراق پر حملہ کرتے۔ اپنی سب سے بڑی کامیابی کے بارے میں صدر بش کا کہنا تھا کہ انہوں نے ’نظریاتی دھوکہ بازوں‘ کے خلاف جنگ کی اور امریکہ کو محفوظ رکھا۔ صدر بش بیس جنوری کو عہدہِ صدارت سے علیحدہ ہو جائیں گے اور اقتدار نو منتخب صدر باراک اوباما کو سونپ دیں گے۔امریکی ٹی وی چینل اے بی سی کو اپنے انٹرویو میں صدر بش نے کہا ’میرے لیے اپنے عہدہِ صدارت کا سب سے بڑا پچھتاوا عراق میں ہمارے جاسوسی اداروں کی ناکامی ہے۔کاش ہمارے جاسوسی اداروں کی رپورٹیں مختلف ہوتیں۔صدر بش نے حالیہ مالیاتی بحران کے متعلق اپنے اقدامات کا دفاع کیا اور کہا کہ جب اس دور کی تاریخ لکھی جائے گی تو لوگوں کو وال سٹریٹ میں گزشتہ دو سال کے دوران لیے گئے فیصلوں کی اصل حقیقت کا احساس ہو گا۔ صدر بش، جن کی مقبولیت کا گراف اس وقت بدترین سطح پر ہے، نے کہا کہ انہیں اپنے دور کے بارے میں تاریخ کے فیصلہ پر خوشی ہو گی۔’جب میں قصرِ صدارت سے رخصت ہوں گا تو میرا سر فخر سے بلند ہو گا۔






 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: custom lanyards | rubber bracelets | custom wristbands | air purifier