وسیم افضل گوندل اور حاجی محمد افضل چن کے اعزاز میں وقار گیلانی کی طرف سے عشائیہ
وسیم افضل گوندل اور حاجی محمد افضل چن کے اعزاز میں وقار گیلانی کی طرف سے عشائیہ
اردو ٹائمز(نیوز) پاکستان سے آئے نجی دورے پر نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی وسیم افضل گوندل اور سابق صوبائی وزیر حاجی محمد افضل چن نے وقار گیلانی کی طرف سے دئیے گئے عشائیے میں جس کا اہتمام حویلی ریسٹورنٹ میں کیا تھا، میں شرکت کی ہے۔ اس میں کینیڈین صوبائی پارلیمنٹ کے ممبر چارلس سوزا، ممبر قومی پارلیمنٹ عمر الغبراءکے علاوہ کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی ہے۔ اس موقع پر وقار گیلانی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس خاندان کی دل کی گہرائیوں سے اس لئے عزت و احترام کرتے ہیں کیونکہ یہ ایک باوقار خاندان ہے اور اس خاندان نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔ انہوں نے حق کی خاطر اور عوام کی خدمت کرنے کیلئے دن رات کوششیں کیں۔ انہوں نے ماریں بھی کھائیں اور جیل بھی گئے۔ مجھے خوشی ہے کہ یہاں پر پاکستانیوں کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے اور ہمیشہ اچھی خبر کے آنے کا منتظر رہتا ہے۔ ممبر صوبائی اسمبلی چارلس سوزا نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ایک کینیڈین پاکستانی ملک کی پارلیمنٹ میں ہے۔ ممبر قومی پارلیمنٹ عمر الغبراءنے اس موقع پر مختصر خطاب میں کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستان کی سیاست میں ان جیسے لوگ موجود ہیں جو ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔ انہوں نے رمضان المبارک کی آمد پر تمام مسلمان بہن بھائیوں کو مبارکباد پیش کی۔ نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی وسیم افضل گوندل نے وقار گیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر کو جب آصف علی زرداری صدر پاکستان بن جائیں گے تو امید ہے کہ پھر روزانہ اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔ اس موقع پر دوسرے مہمان حاجی محمد افضل چن نے کہا کہ میں بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کا مشکور و ممنون ہوں کہ وہ ملک میں سرمایہ بھیجتے ہیں اور ملک کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نوازشریف کو ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے۔ انہیں بڑا دل رکھنا چاہئے اور جس پارٹی کو جتنا مینڈیٹ ملا ہے اسے حکومت کرنے کا حق دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں لاءاینڈ آرڈر دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ عشائیے میں شرکت کرنیوالوں میں راجہ اشرف جنہوں نے تلاوت قرآن پاک اور دعا بھی کروائی۔ منصور اشرف، مرزا اسلم بیگ، حبیب رمضان، اکرام چودھری، ظفر اقبال، محبوب شاہ، چودھری اشرف ورک، چودھری بے نظیر اور محمد آصف بھٹی نے خصوصی شرکت کی۔ وقار گیلانی نے عشائیے میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔