اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Thu, 04 Sep 2008 12:58:00

”جشن مجتبیٰ حسین ایک یادگار اور قہقہہ انگیز محفل“

”جشن مجتبیٰ حسین ایک یادگار اور قہقہہ انگیز محفل“
اردو ٹائمز(نیوز) بزم احباب کینیڈا نے ایک بار پھر ایک اعلیٰ درجہ کی معیاری اور انتہائی کامیاب محفل کا انعقاد کیا۔ حسب توقع لانگ ویک اینڈ کے باوجود شائقین کی ایک بڑی تعداد طنزومزاح سے لبریز اس حسین شام کا لطف اٹھایا۔ ابتدا میں آصف مسعود جامعی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے مجتبیٰ حسین کی موجودگی کو اہل اردو کے لیے ایک نعمت قرار دیا۔ بزم کے روح رواں ناظم الدین مقبول نے اپنی بے ساختہ اور شگفتہ نظامت کے دوران صاحب جشن کی تحریروں سے دلچسپ اقتباسات اور تعارف پیش کیا۔ ابتدا میں مصنف کے تعارف کے لیے جناب سعادت علی خان‘ جناب یوسف امتیاز اور جناب رضا الجبار نے اپنے مضامین پیش کیے۔ سرنشین پر ڈاکٹر شفیق قادری کے والد بزرگوار جناب جمال قادری‘ جناب جمال زبیری کو صدر محفل‘ جناب ضامن جعفری‘ جناب خواہ مخواہ کو خصوصی مہمانوں کے لیے بلوایا گیا۔ ابتدا میں جناب مجتبیٰ حسین نے ظریفانہ انداز میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلقہ دلچسپ واقعات پیش کیے جس پر حاضرین محفل فلک شگاف قہقہے لگاتے رہے۔ انہوں نے ”یونیسکو کی چھتری“ سنائی جو انشائیہ نگاری اور طنزومزاح کے سارے حربوں سے مزین تحریر تھی۔ فرمائش پر انہوں نے دو مضامین اور سنائے جو اسلوب کے بہتے دریا‘ انسانی زندگی سے جڑے ہوئے موضوعات اور فطری مزاح سے مزین تھے۔ مشہور فارمسٹ جناب منیر سبحانی نے بزم کی جانب سے تمام مہمانوں کی گل پوشی کی جو ایک نئی طرز ادا تھی جس کو حاضرین نے خوب سراہا۔ جناب جمال قادری‘ جناب سردار علی اور بزم کی جانب سے ان کی گراں قدر ادبی خدمات پر ان کو تہنیتی اسناد پیش کی گئیں۔ جناب خلیل یوسف صدیقی نے اپنا مجموعہ کلام ”گلزار خلیل“ تحفے کے طور پر پیش کیا۔ حکومت ہند سے پدم شری جیسا بڑا اعزاز پانے والے مجتبیٰ حسین نے مشتاق احمد یوسفی کو سب سے بڑا مزاح نگار تسلیم کرتے ہوئے کہا آسان زبان‘ انسانی زندگی سے جڑے ہوئے موضوعات اور فطری مزاح کو وہ اپنی مقبولیت کا سبب سمجھتے ہیں۔ پطرس‘ غالب‘ اسٹیفن لی کاک اور مارک ٹوئن ان کے پسندیدہ ادیب ہیں۔ اس موقع پر مشہور شاعر جناب اشفاق حسین نے بھی صاحب جشن کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ظرافت کے میدان میں ان کو گنتی کے چند کامیاب مزاح نگاروں میں سے ایک کہا۔ حاضرین محفل ان کے انداز بیان‘ لطیف مزاح اور شائستہ زبان کا لطف لیتے رہے۔ اس موقع پر سن انشورنس کے جناب سید وقار کی جانب سے قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات دیئے گئے۔ بزم کے اراکین وصاف الرب‘ محبوب شریف‘ آصف مسعود جامعی‘ ذکیہ جامعی‘ روبینہ قاضی اور مصراینڈ کمپنی کے لیگل ایڈوائزر جناب محمد عالم نے بڑی سرگرمی سے محفل کے انعقاد میں حصہ لیا۔ طباق ریسٹورنٹ کی جانب سے لذت کام ودہن کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اردو ادب کے اس عظیم مزاح نگار کو اہل ٹورنٹو کے لیے مدعو کرنے اور حسب روایت ایک اور شاندار اور کامیاب محفل کا انعقاد پر جناب ناظم الدین مقبول کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا گیا۔ مزاحیہ مشاعرے میں طارق حسین‘ ضامن جعفری‘ جمال زبیری اور خواہ مخواہ نے ظریفانہ کلام پیش کیا۔







 تازہ ترین

  اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: custom lanyards | rubber bracelets | custom wristbands | air purifier