اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News

 
Thu, 19 Jun 2008 12:00:00

ہزارہا شجر سایہ دار راہ میں ہے

ہزارہا شجر سایہ دار راہ میں ہے
(گریبان.... منو بھائی)
پشاور کے ایک نائب قاصد کرامت اللہ ولد رفیع اللہ کی جائز مدد کے لئے ایک درخواست گیارہ جون کے کالم میں شائع کی گئی اور بارہ جون کی شام سے پہلے اس کے ذمے ایک لاکھ سترہ ہزار روپے کا قرضہ ادا کیا جا چکا تھا۔ اس نیکی میں حصہ لینے والے اپنا نام ظاہر کرنا نہیں چاہتے اور ان کی اس خواہش کا احترام ہونا چاہئے مگر اس نیکی کی تشہیر بھی ضروری ہے تاکہ چراغ سے چراغ جلیں اور اندھیروں کو روشن کیا جا سکے۔
اس کے ساتھ ہی میرے ایک خوش نویس دوست محمد صادق نے بتایا ہے کہ ان کے گاﺅں ”نواں پنڈ“ ضلع گوجرانوالہ کے ”کوشش سکول“ کے ڈیڑھ سو سے زیادہ بچوں کو مفت تعلیم دینے کے مشن میں شامل استانیوں کے لئے چالیس ہزار روپے ماہوار کا مستقل عطیہ (صدقہ جاریہ) جاری کرنے والوں نے کہا ہے کہ ان کی شناخت ظاہر نہ کی جائے۔
خون کا عطیہ دینے والوں کے عالمی دن (اتوار) ”سندس فاﺅنڈیشن“ کے زیر اہتمام لبرٹی مارکیٹ لاہور میں خون کا عطیہ دینے والے نیک دل لوگوں کے اجتماع سے باتیں کرتے ہوئے میں نے مذکورہ بالا دونوں واقعات سنائے تو سب نے گمنام عناصر کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے مزید نیکیوں کی توفیق پانے کی دعاﺅں کے ساتھ تالیاں بجائیں۔
کچھ لوگوں کے لئے ایک لاکھ سترہ ہزار روپے کا عطیہ اور چالیس ہزار روپے ماہوار کا صدقہ جاریہ کچھ زیادہ مالیت کا نہیں ہو گا مگر شیخ سعدی فرماتے ہیں کہ ”بہشت کی حوروں کے لئے اعراف دوزخ جیسا ہے مگر دوزخ میں جلنے والوں کے لئے اعراف بہشت ہے“ یہ پشاور کے کرامت اور نواں پنڈ قلعہ دیدار سنگھ کے صادق ہی جانتے ہیں کہ خدا کے نیک دل بندوں نے ان کی مشکلات اور پریشانیوں کو دور کرنے کے جس جذبے کا اظہار کیا ہے وہ کتنی اہمیت رکھتا ہے۔
کرامت اللہ نے اپنی بہنوں کی شادیوں کے لئے اور اپنی والدہ کے دل کے آپریشن کے اخراجات ادا کرنے کے لئے اپنی بیس مہینوں کی پیشگی تنخواہ کی صورت میں یہ قرضہ حاصل کیا تھا مگر اپنی قلیل تنخواہ میں وہ یہ قرضہ زندگی بھر ادا نہیں کر سکتا۔ اس طرح میرے دوست محمد صادق اور ان کے بچوں کے لئے ہر مہینے چالیس ہزار روپے کی تنخواہوں کا انتظام کرنا مشکل اور صبر آزما ہو رہا تھا۔ میرے پڑھنے والوں کی سمجھ میں آ سکتا ہو گا، نیک دل گمنام لوگوں نے پشاور کے کرامت اللہ اور نواں پنڈ کے محمد صادق کے نیک خواہشات سے بھرے ہوئے دل کے اوپر سے کتنا بھاری پتھر اُٹھا لیا ہے اور مستقبل کی کتنی راہیں ہموار کر دیں۔
پوری طرح محسوس کر سکتا ہوں کہ پشاور سے کرامت اللہ کی والدہ نے جو رفیع اللہ کی بیوہ ہونے کے ناطے سے میری بھابھی اور بہن بھی لگتی ہیں ٹیلی فون پر اپنی آنسوﺅں سے بھیگی ہوئی آواز میں نیکی کرنے والوں کو جو دعائیں دی ہیں ان میں کتنی سچائی، کتنی گہرائی اور کتنا خلوص ہو گا اور میرے پڑھنے والے بھی جان سکتے ہیں کہ نواں پنڈ کے ”کوشش سکول“ میں پڑھانے والی میری بیٹیوں نے اور اس سکول میں پڑھنے والے بچوں کی ماﺅں نے ان کی دستگیری کرنے والوں کو کتنی دعائیں دی ہوں گی۔
میں نیک دل لوگوں کی محبت کی یہ دھوپ اپنی پچاس سالہ کالم نگاری کے دوران مسلسل اور متواتر تاپتا آ رہا ہوں۔ نیکی اور خیر کی یہ خوشبو ازل سے ابد تک دنیا بھر کی غلاظتوں کا مقابلہ کرتی رہے گی۔ مجھے وہ سب لوگ یاد ہیں جن کی مدد یا جن سے تعاون کے لئے ان کالموں میں لوگوں سے اپیل کی گئی اور لوگوں نے میری توقعات سے کہیں زیادہ ان اپیلوں کی پذیرائی کی اور کبھی اور کسی حالت میں بھی مایوس نہیں کیا۔ اس سلسلہ میں بے شمار لوگوں نے پشاور کے کرامت اللہ اور نواں پنڈ کے محمد صادق کی مدد کرنے والوں کی طرح اپنے نام ظاہر نہیں کئے ہوں گے اور یہ بھی نہیں بتایا ہو گا کہ انہوں نے میری اپیلوں کی پذیرائی کے سلسلے میں کیا کیا ہے مگر مجھے اپنے طور پر اندازہ ہے کہ لاہور کے میڈیکل کالج کے طالب علم مبشر حسین کے بلڈ کینسر کے علاج کے لئے جمع ہونے والی رقم سے لے کر پشاور کے کرامت اللہ کے قرضے کی ادائیگی تک پاکستان کے نیک دل لوگوں، خواتین و حضرات کے عطیات کی مالیت سرکاری بینکوں کے ان قرضوں کی مالیت سے کہیں زیادہ ہو گی جو ہمارے حکمرانوں نے اپنی صوابدید کے تحت سرکاری سیاسی پارٹیوں کے عہدیداروں، حکمران طبقے سے تعلق رکھنے والے بڑے زمینداروں، تاجروں اور صنعت کاروں کو عنایت فرمائے اور پھر ان کی عدم ادائیگی پر صوابدیدی اختیارات کے تحت شیرمادر کی طرح معاف کر دئیے۔
حوصلہ دینے والی بات یہ ہے کہ فطرت ابھی تک انسانیت کے مستقبل سے مایوس نہیں ہوئی۔ مستقبل کا آسمان امید اور یقین کے ستاروں سے محروم نہیں ہوا اور شاعر نے بالکل صحیح فرمایا تھا کہ
سفر ہے شرط مسافر نواز بہتیرے
ہزارہا شجرِ سایہ دار راہ میں ہے










 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: custom lanyards | rubber bracelets | custom wristbands | air purifier