اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News

 
Thu, 22 May 2008 02:02:00

گدھا کہیں کا

گدھا کہیں کا
(قمر علی عباسی)
امریکہ میں ڈیموکریٹ پاکستان سے بے حد خوش ہیں اس لئے نہیں کہ وہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں حصہ لے رہا ہے بلکہ اس خبر سے کہ پاکستان میں گدھوں کی تعداد بہت بڑھ چکی ہے۔
ڈیموکریٹک پارٹی کا نشان ”گدھا“ ہے۔ اس کی ابتدا 1828ءمیں ہوئی جب صدارتی امیدوار اینڈریو جیکسن کو مخالفین نے گدھا کہا۔ انہوں نے اپنا نشان ہی گدھا بنالیا۔ یہ جانور بغیر چوں چرا مالک کا بوجھ لاد کر چل دیتا ہے۔
امریکہ کی دوسری بڑی سیاسی پارٹی کا نشان ”ہاتھی“ ہے جو جسامت اور قوت میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔
برصغیر میں گدھا باربرداری کے کام آتا ہے اور آمدورفت کے ذرائع میں مددگار ہوتا ہے۔
مغربی ممالک میں گدھا پسند کیا جاتا ہے۔ اس کی قدرومنزلت بھی ہے۔ ہم نے لندن کے چڑیا گھر میں اس کے بچے دیکھے ہیں۔ یہ انتہائی دیدہ زیب اور معصوم ہوتے ہیں۔ برطانیہ کے بچوں کو گدھے کے بچوں سے کھیلنے کی اجازت ہوتی ہے۔ یہ منظر دیکھنے کا ہوتا ہے۔ دوڑ بھاگ، اچھل کود میں دونوں ایک لگتے ہیں۔
پاکستان میں کبھی گدھوں کی کمی نہیں رہی لیکن ایک خبر کے مطابق پاکستان میں گدھوں کی تعداد بڑھ کر 44 لاکھ اور 24 ہزار ہوگئی ہے۔ 2006ءمیں یہ تعداد 40 لاکھ 26 ہزار تھی۔ 1986ءمیں ملک میں گدھوں کی تعداد 29 لاکھ 98 ہزار تھی۔ اس طرح 2008ءمیں اس تعداد میں 15 لاکھ کا اضافہ ہوگیا ہے۔
1986ءسے 1996ءکے دس سالوں میں پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں 19 فیصد اضافہ ہوا تھا لیکن 1998ءسے 2008ءتک 21 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں خچروں کی تعداد جو 1986ءمیں 69 ہزار تھی، اب 16 لاکھ ہوگئی ہے۔ گھوڑوں کی تعداد 3 لاکھ 88 ہزار سے کم ہو کر 3لاکھ 44 ہزار ہوگئی ہے۔ اونٹوں کی تعداد 9 لاکھ 21 ہزار، بکریوں کی 5 کروڑ 37 لاکھ، بھیڑوں کی تعداد 2 کروڑ 64 لاکھ، بھینسوں کی تعداد 2 کروڑ 75 لاکھ جبکہ گائے کی تعداد 3 کروڑ ہوگئی ہے۔
ہمارے خیال میں یہ اعداد و شمار درست نہیں ہیں کیونکہ جب ہم اپنے طور سے اندازہ کرتے ہیں تو گدھوں کی تعداد کروڑوں میں نظر آتی ہے جو بوجھ لادے ہوئے ہیں۔
جمہوریت میں عوام کو بوجھ لادنے کا کام دیا جاتا ہے۔ وہ بےروزگاری، مہنگائی، بدامنی، بیماری کا وزن اٹھائے پھرتے ہیں۔ ان دنوں پاکستان میں جو صورتحال ہے اسے دیکھ کر کوئی بھی اندازہ لگا سکتا ہے کہ گدھوں کی تعداد کیا ہے۔
ایک بات سمجھ میں نہیں آئی کہ جب امریکہ میں صدارتی انتخابات ہونیوالے ہیں، ڈیموکریٹک متوقع امیدواروں کے درمیان مقابلہ جاری ہے اور دونوں ہی پاکستان کی مخالفت کررہے ہیں تو پاکستان کے گدھوں کی تعداد بتاکر کیا پیغام دیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں ان دنوں اسلام آباد سیاست کا گڑھ ہے۔ وہاں سے اس خبر کا نکلنا ایک معنی رکھتا ہے، خاص طور سے گزشتہ حکومت کے دنوں میں گدھوں کی تعداد میں اضافہ معنی خیز بات ہے۔
سیاسی مخالفین یہ دعویٰ کرتے رہے کہ صدر پاکستان کو اپنی حکومت اور اقتدار قائم رکھنے کیلئے بوجھ لادنے والوں کی ضرورت تھی اور اس خدمت کیلئے سب ہی تیار تھے اس لئے وزیراعظم اور وزارتوں کے قلمدانوں میں ردوبدل ہوتا گیا۔ جو زیادہ وفادار اور تابعدار تھا اسے زیادہ نزدیک لایا گیا، اگر کسی نے دولتی مارنے کی کوشش کی تو وہ فارغ کردیا گیا۔
دنیا میں وہی اختیار اقتدار پر قائم رہتے ہیں جو بوجھ بھی لادیں اور دولتی بھی نہ ماریں۔ امریکہ اس بات سے واقف ہے کہ پاکستان میں گدھوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور وہ بھی ایسے جن کے دونوں پچھلے پاﺅں بندھے ہوئے ہیں اس لئے اعتبار کیا جاسکتا ہے۔ یہ بات نئے امریکی صدر کو وہائٹ ہاﺅس میں آنے کے بعد معلوم ہوجائے گی۔
پاکستان میں کراچی میں ہمیشہ گدھوں کی ریس ہوتی ہے جس کا صدر کوئی بڑا سیاسی رہنماءہوتا ہے۔ عوام میں یہ بے حد مقبول ہے۔ ایسی ہی ریس ایک فلم ”ہیرا پتھر“ میں بھی دکھائی گئی ہے جس میں اس وقت کے ممتاز ہیرو وحید مراد کا گدھا ریس میں جیتتا ہے۔
دروغ برگردنِ راوی سنا ہے کئی سال سے اسلام آباد میں گدھوں کی ریس ہورہی ہے، جو جیتتا ہے انعام پاتا ہے۔ اب اس خبر سے کہ گدھوں کی تعداد بڑھ گئی ہے، ملک میں دوڑ کا مقابلہ اور سخت ہوجائیگا۔ ان دنوں ملک کے صدر اپنی گیلری میں بیٹھے اس گدھا ریس کا معائنہ فرما رہے ہیں، جو کامیاب ہوگا اسے انعام و اکرام سے نوازا جائیگا۔
امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی جب اپنا گدھا منتخب کرلے گی تو وہ ہاتھی سے لڑیگا لیکن ری پبلکن ہاتھی 72 سال کا ہے اور ڈیموکریٹک گدھا 46 سال کا، دیکھیں اس ریس میں کون اوّل آتا ہے۔ انہیں پاکستان کے بڑھتے ہوئے گدھوں کا اعتماد حاصل رہیگا۔
٭٭٭










 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: custom lanyards | rubber bracelets | custom wristbands | air purifier