اوباما کی تقریب حلف برداری ، 10 لاکھ افراد کی شرکت متوقع
ارکان کانگریس نے بے تحاشا فون کالز سے عاجز آ کر کالیں سننا بند کر دیں
واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکی ارکان کانگریس نے
نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے خواہشمندوں کی بے تحاشا ٹیلیفون
کالوں سے عاجز آ کر ٹیلیفون کالیں سننی بند کر دی ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کی
رپورٹ کے مطابق امریکی شہریوں میں باراک اوباما کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے
حوالے سے زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے اور وہ دو لاکھ 40 ہزار فری ٹکٹوں کے
حصول کیلئے بڑی تعداد میں ارکان کانگریس سے رابطے کر رہے ہیں۔ ارکان کانگریس جنہیں
200 سے 250 تک ٹکٹ فراہم کئے جائیں گے۔ حکام کا اندازہ ہے اس تقریب میں ٹکٹ لے کر
شرکت کرنے والوں کے علاوہ بھی لاکھوں کی تعداد میں لوگ شریک ہونگے اور شرکاءکی
مجموعی تعداد 10 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس لحاظ سے یہ تقریب 1965ءمیں سابق
امریکی صدر لنڈن بی جانسن کی حلف برداری کی تقریب کے بعد حلف برداری کی سب سے بڑی
تقریب ہو گی۔ لنڈن بی جانسن کی حلف برداری کی تقریب میں 12 لاکھ افراد نے شرکت کی
تھی۔ امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق حلف برداری کی تقریب میں سٹیج کے قریب
ترین 1600 نشستیں سابق امریکی صدور، نائب صدور، وزراء، سپریم کورٹ کے ججوں اور دیگر
ممتاز شخصیات اور ان کے اہلخانہ کیلئے مخصوص ہوں گی۔ ورجینیا سے تعلق رکھنے والے ڈیمو
کریٹ سینیٹر نے بتایا کہ اب تک نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے 2600
خواہشمندوں کی ٹیلیفون کالز اور ای میلز موصول ہو چکی ہیں اور انہوں نے مزید ٹکٹ
فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تقریب کے منتظمین کے مطابق ٹکٹ 20 جنوری 2009ءکو تقریب
حلف برداری کے انعقاد سے صرف ایک ہفتہ پہلے جاری کئے جائیں گے۔ امریکی کانگریس کے
ارکان لوگوں کی بڑی تعداد کے ٹکٹوں کیلئے رابطوں پر پریشانی کا شکار ہیں۔