یونان (اردو ٹائمز)یونان میں کی گئی ایک تحقیق کے
مطابق جو لوگ دوپہر کے کھانے کے بعد تھوڑی دیر کے لیے پلکیں چھپکا لیتے ہیں ، لیٹ
جاتے ہیں یا سستا لیتے ہیں ان میں دل کی بیماریوں سے ہلاکت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
یہ فائدہ نوجوان صحت مند افراد میں زیادہ دیکھا گیا ہے۔ چھ سال پر محیط اس یونانی
تحقیق میں بتایا گیاہے کہ جو لگ ہفتےمیں
کم از کم تین مرتبہ30 منٹ کا قیلولہ کر رہے تھے ان میں دل سے متعلق اموات کا خطرہ
37 فیصد کم ہو گیا تھا۔ اس ضمن میں ریسرچرز نے خرابی صحت، عمر اور لوگوں کی جسمانی
فعالیت کو بھی پیش نظر رکھا تھا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ دوپہر کو تھوڑی دیر لیٹنا
لوگوں کو نئے سرے سے توانائی فراہم کرتا ہے اور ان کے جسم اور ذہن پر جو
دباؤ(اسٹریس) ہوتا ہے وہ گھٹ جاتا ہے۔ تحقیق کے دوران خاص بات یہ دیکھی گئی ہے کہ
جن ملکوں میں قیلولہ کا رواج عام ہے وہاں دل کی بیماریاں بھی کم ہیں۔ یونانی
ریسرچرز نے 20 سے 86 سال کی عمر کے تقریبا 23 ہزار مردوں اور خواتین کے حالات کا
جائزہ لیا تھا جنہیں دل کی بیماری یا کوئی اور سنگین عارضہ لاحق نہیں تھا، دیکھا
یہ گیا کہ جو لوگ دوپہر کوبہت محدود وقت کے لیے قیلولہ لے لیا کرتے تھے ان مین ان
لوگوں کے مقابلے میں، جو اس وقت بھی کام میں جٹے رہتے تھے، دل کی بیماری سے اموات
کا خطرہ 34 فیصد کم تھا اور وہ لوگ جو ہفتے میں تین یا اس سے زیادہ مرتبہ 30 منٹ
یا اس سے زیادہ دیر تک قیلولہ کر رہے تھے ان میں یہ خطرہ 37 فیصد تک کم پایا گیا۔
کام کرنے والے مردوں میں قیلولہ کی وجہ سے دل کی بیماری کے سبب موت کا خطرہ 64
فیصد تک کم دیکھا گیا جبکہ کام نہ کرنے والے مردوں میں دوپہر کو سستانے سے بیماری
میں مبتلا نہ ہونے کا 36 فیصد امکان نوٹ کیا گیا۔