ایران کو چار ماہ میں تیل کے محاصل سے 29.5 ارب ڈالر منافع
ایران کو چار ماہ میں تیل کے محاصل سے 29.5 ارب ڈالر منافع
اردو ٹائمز(نیوز) ایران نے رواں سال کے چار ماہ میں تیل کے محاصل سے 29.5 ارب ڈالر منافع کمایا۔ یہ بات گذشتہ روز ایران کی سرکاری تیل کمپنی کے سربراہ سیف اﷲ جسن ساز نے مقامی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ سیف اﷲ جشن ساز نے کہاکہ ایرانی سال کے مطابق اپریل اور جولائی کی درمیانی مدت میں ایران نے خام تیل کی برآمد سے 29.5 ارب ڈالر سے زائد منافع کمایا۔ نیشنل تیل کمپنی کے سربراہ نے بتایا کہ ایران تیل پیدا کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے۔ کمپنی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند ماہ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے ایران نے چند ماہ میں ریکارڈ منافع کمایا ہے۔ گذشتہ سال ایرانی سال کے اختتام تک تہران نے تیل کے محاصل سے ریکارڈ ستر ارب ڈالر کمائے تھے تاہم رواں سال کے اختتام تک تیل کی آمدن میں مزید اضافے کا امکان ہے۔