|
بین الاقوامی خبریں
|
|
Friday, 06 November 2009 12:28 |
کابل: افغانستان نیٹو افواج کے دو اہلکاروں کی گمشدگی کے بعد سرچ اتحادی افواج اور افغان سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ امریکی خبررساں ادارے کے مطابق نیٹو ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں ترجمان کیپٹن جین کیمپ بیل نے اہلکاروں کی گمشدگی کی تصدیق کیاور بتایا کہ مشرقی افغانستان میں تعینات مذکورہ اہلکار بدھ کے روز معمول کے مشن پر تھے جب ان کی گمشدگی کی اطلاع موصول ہوئی ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وقوعہ کے بعد مذکورہ علاقے میں سرچ اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے اور گمشدہ اہلکاروں کو تلاش کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ اعلامیے کے مطابق گمشدہ اہلکاروں کے خاندانوں کو مطلع کردیا گیا ہے تاہم واقعے کی تفتیش مکمل ہونے تک مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا جائیگا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق گمشدہ فوجیوں کی شہریت کو صیغہ راز میں رکھا جارہا ہے تاہم مشرقی افغانستان میں امریکا ، اٹلی ، اسپین اور لیتھوینیا کی افواج تعینات ہیں۔ دوسری جانب طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ بدھ کے روز مشرقی صوبے بادغیس میں ڈوب کر ہلاک ہونیوالے دو غیر ملکی اہلکاروں کی لاشیں ان کے قبضے میں ہیں۔ طالبان ترجمان قاری یوسف نے نامعلوم مقام سے فون کے ذریعے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ طالبان نے بدھ کے روز جھڑپ کے دوران دریا میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے دو فوجیوں کی لاشیں بر آمد کرلی ہیں ۔ ادھر بادغیس میں پولیس کے سربراہ عبدالجبار نے بتایا کہ ہلاک شدگان امریکی فوجی ہیں۔
|